بلدیاتی انتخابات کیس، الیکشن کمیشن کی انٹرکورٹ اپیل سماعت کیلئے مقرر

بلدیاتی انتخابات کیس، الیکشن کمیشن کی انٹرکورٹ اپیل سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کرانے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل آج ہی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل 2 رکنی بینچ آج ہی سماعت کرے گا۔ آج ہی سماعت کی استدعا الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بے شمار وجوہات پر 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن ممکن ہی نہیں تھے۔ بیلٹ پیپرز چھپوائی کے بعد پرنٹنگ کارپوریشن میں موجود تھے۔ بیلٹ پیپرز کو 14ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں پہنچانا تھا۔

الیکشن کمیشن کے مؤقف کے مطابق آر اوز نے بیلٹ پیپرز وصولی سے تقسیم تک مختلف اقدامات کرنا ہوتے ہیں۔ 14 ہزارسے زائد اسٹاف نے الیکشن ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینا تھے۔

الیکشن کمیشن نے انٹراکورٹ اپیل میں کہا ہے کہ گلگت اور آزادکشمیر سے بھی اسٹاف نے آنا تھا۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کرنا ہوتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں آج انتخابات کا انعقاد ممکن ہی نہیں تھا۔

الیکشن کمیشن نے درخواست کی ہے کہ اسلام آباد میں 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں