اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پرپی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پرپی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا

تحریک انصاف کے سینئررہنماشاہ محمود قریشی،فواد چودھری نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ خوش آئند قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئررہنماشاہ محمود قریشی کا اسلام آباد ہائیکورٹ  کے فیصلے پر  کہنا تھا کہ حکومت نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کی کوشش کی تھی ۔حکومت عدالتی فیصلے کااحترام کرے۔کل لوگ نکلیں ، بلے کے نشان پر مہر لگا کر پی ٹی آئی کو کامیاب کریں گے۔کل اسلام آباد کے باشعور عوام   عمران خان کے ویژن کے تحت فیصلہ دیں گے۔اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کے انتظامات تو پہلے ہو چکے تھے ۔  امید ہے پاکستان عام انتخابات کی طرف بڑھے گا ۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عملی طور پر وفاقی حکومت میں ضم ہو چکا ہے۔ پاکستان میں ایک پلاننگ کے تحت جمہوریت مکمل ختم کی جارہی ہے پہلے بنیادی حقوق معطل کئے گئے اب ادارے ختم کئے جا رہے ہیں۔ الیکشن کمشنر اور ان کے ساتھی پاکستان کے عوام کے ولن ہیں۔

واضح رہے کہ  اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر)  بلدیاتی انتخابا ت کرانے کا بڑا حکم جاری کردیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی نواز اعوان اورجماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور پٹیشنز منظور کر لیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلہ  سناتے ہوئے الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ اور  الیکشن کمیشن کو ہرصورت 31 دسمبر کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نےمختصر فیصلہ سنایا تاہم تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 101 یونین کونسلز پر 7 سے 10 دن میں بلدیاتی  الیکشن کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں