اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس طلب
اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے کل ہی اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن بھی متحرک ہوگیا ۔الیکشن کمیشن نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ۔اجلاس میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات پر غور کیا جائیگا۔اجلاس میں عدالتی حکم کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا۔اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن بھی اجلاس میں پہنچ رہے ہیں ۔اجلاس میں دیگر حکام کو بھی طلب کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو کل (31 دسمبر) بلدیاتی انتخابا ت کرانے کا بڑا حکم جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی نواز اعوان اورجماعت اسلامی کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ سنایا اور پٹیشنز منظور کر لیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ اور الیکشن کمیشن کو ہرصورت 31 دسمبر کو شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نےمختصر فیصلہ سنایا تاہم تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں 101 یونین کونسلز پر 7 سے 10 دن میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔