دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید: آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے اراولی میں سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن کے تین سپوت شہید ہوگئے۔ شہداء میں صوبیدار شجاع محمد، نائیک محمد رمضان اور سپاہی عبدالرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کےخاتمےکےلیےسیکیورٹی فورسزکاسرچ آپریشن جاری ہے۔پاک فوج دہشتگردی خاتمےکےلیے پرعزم ہے۔ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرم کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی پر پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف آہنی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ قوم کی دعائیں اپنی بہادر افواج کے ساتھ ہیں ۔
وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین!