تحریک عدم اعتماد :پی ٹی آئی کا بڑا جوابی وار
وزیراعلیٰ پنجاب ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرتحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا ۔
تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھر ی نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا کہ عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کا مقصد الیکشن سے فرار ہے، کل تک رانا ثنااللہ اور احسن اقبال کہہ رہے تھے اسمبلی تحلیل کرو الیکشن میں جائیں گے آج جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں لیکن ہم بھاگنے نہیں دیں گے، عدم اعتماد ناکام ہوگی اور پرویز الہیٰ اسمبلی تحلیل کریں گے عوام کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے وزیراعلیٰ پنجاب، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک جمع کرادی ۔ن لیگ کے میاں مرغوب، خلیل طاہر سندھو ،خواجہ عمران نذیر نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی،تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئےخواجہ عمران نذیر نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیراعلیٰ ، سپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے ،جو کچھ ہو گا دن میں ہو گا ، رات کے اندھیرے میں کچھ نہیں ہو گا ،پنجاب کے عوام کے لیے اچھا سرپرائز دیں گے ،تحریک عدم اعتماد کو سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے وصول کر لی ہے ،قانون کے مطابق سیکرٹری اسمبلی عدم اعتماد وصول کرنے سے ا نکار نہیں کر سکتا۔