قومی اسمبلی تحلیل نہ کی تو ن لیگ کو امیدوار نہیں ملیں گے: فواد چودھری
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے اسمبلی جمعے کو توڑ رہے ہیں۔ پرویز الہیٰ نے ہمارا ساتھ دیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم اپنی ہی حکومت توڑ کر الیکشن میں جارہے ہیں، کوئی اور اپوزیشن ہوتی تو وہ اسے ویلکم کہتی۔ اسپیکر سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ہمارے استعفے فوری قبول کریں۔قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن کرائے جائیں، اگر قومی اسمبلی تحلیل نہ کی تو ن لیگ کو امیدوار نہیں ملیں گے۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری کا مسرت چیمہ کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے ٹیسٹ میچ کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی بنا دیا ۔ عمران خان نے کل جو چھکا مارا پی ڈی ایم والوں کو تو گیند ہی نہیں مل رہی۔نام نہاد پی ڈی ایم کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں۔ کبھی یہ الیکشن کمیشن کو آگے کردیتے ہیں کہ ہمارے پاس ووٹر لسٹیں نہیں۔ کبھی فلانے سے سفارشیں آرہی ہیں کہ الیکشن نہ کروائیں۔ ملک اس طرح سے نہیں چلائے جاسکتے۔عوام کے فیصلے کے آگے سرتسلیم خم کرنا پڑے گا۔