ٹرین کے ٹریک پر ویڈیو کا شوق تین ٹک ٹاکرز کی جان لے گیا
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ٹرین سے ٹکرا کر تین ٹک ٹاکرز ہلاک ہوگئے۔ ان میں دو نوجوان اور ایک خاتون شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ ٹک ٹاکرز ویڈیو بنانے کے لئے ریلوے ٹریک پر گئے تھے۔کہ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر تینوں مارے گئے ۔ واقعہ غازی آباد کے مسوری تھانہ علاقہ کے کلو گڑھی ریلوے پھاٹک کے پاس ریلوے ٹریک پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے ۔
حادثہ تقریباً رات 9 بجے کلوگڑھی پھاٹک اور ڈاسنا اسٹیشن کے درمیان ہوا۔ پدماوت ایکسپریس غازی آباد سے مراد آباد کی طرف جا رہی تھی۔ ٹرین کے لوکو پائلٹ نے بتایا کہ تین لڑکے اور لڑکی ٹرین کی پٹری پر کھڑے تھے۔ ان کے موبائل کی فلیش لائٹ جل رہی تھی، جس سے یہ لگ رہا تھا کہ وہ ویڈیو شوٹ کر رہے ہیں۔ پائلٹ نے کئی بار سیٹی بھی بجائی، لیکن وہ ہٹے نہیں اور ٹرین کی زد میں آ گئے۔ ایک کے موبائل کی ڈسپلے اسکرین ٹوٹ گئی، لیکن وہ کام کر رہا تھا۔ اس موبائل کے ذریعہ ایک مہلوک کی شناخت پچیس سالہ شکیل ولد بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ مسوری میں کھاچا روڈ کا رہنے والا تھا اور ٹیکسی چلاتا تھا۔ لیکن باقی دو ہلاک شدگان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے