حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کی اندرونی کہانی منظرعام پر
وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے درمیان سیاسی کشیدگی کے حل کیلئے خفیہ یا بیک ڈور مذاکرات میں ویسے تو ایوان صدر ستمبر کے اوائل سے ہی کردار ادا کررہا ہے مگر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدر سے ملاقاتوں کے بعد پہلی بار یہ مذاکرات ریکارڈ پر آنا شروع ہوئے۔ اب عمران خان نے پارٹی رہنما شبلی فراز کو ایوان صدر مذاکرات کےلئے نمائندہ مقرر کرکے ان مذاکرات کو باضابطہ تسلیم کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حقیقی آزادی مارچ کے اختتام اور ملک کے اہم عہدے پر تعیناتی سے پہلے ایوان صدر میں ملاقاتوں اور رابطوں کو خفیہ رکھا گیا، ایوان صدر میں آرمی چیف کی خفیہ ملاقات کو عسکری ادارے کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس آئی نے 27 اکتوبر کو مشترکہ پریس کانفرنس میں افشا کردیا تھا۔مذاکرات کی خفیہ نشستوں کے ایجنڈے میں عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے عسکری ادارے کی اہم شخصیات کے خلاف پراپیگنڈہ پر تحفظات، نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر متنازعہ بیانات، اور اسلام آباد میں حقیقی آزادی مارچ کے پڑاو سے پیدا ہونے والی صورتحال جیسے ایشوز شامل تھے۔