پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی برادرانہ تعلقات استوار ہیں، مریم اورنگزیب
اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے51 ویں قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات استوار ہیں جو مشترکہ ورثے اور کثیر الجہتی تعاون پر مبنی ہیں، پاکستان کے عوام متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں متحدہ عرب امارات کے 51 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے یو اے ای کے سفیر کو خیرسگالی اور نیک تمنائوں کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات ہمارے دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ ہیں، یو اے ای پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جس کا پاکستان میں سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں شمار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لئے دعا گو ہیں۔ تقریب میں متحدہ عرب امارات کا قومی ترانہ اور روایتی رقص بھی پیش کیا گیا جبکہ اراکین پارلیمنٹ، سیاسی رہنمائوں سمیت مختلف ممالک کے سفارت کار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یو اے ای کے سفیر نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔