ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے: وزیراعظم
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کا دوسرا روز۔۔ شہبازشریف کے استنبول میں فارن اکنامک ریلیشن بورڈ آف ترکی کے زیر اہتمام منعقدہ اجلاس میں شرکت کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں نوید قمر، مریم اورنگزیب، سید طارق فاطمی اور فہد حسین نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ترکی کے وزیر تجارت مہمت موش اور نیل اولپاک کاروباری وفود کے ساتھ شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے اہم شعبوں، فوڈ پروسیسنگ، مہمان نوازی، تعمیرات، آئی ٹی خدمات اور ای کامرس میں مواقعوں پر روشنی ڈالی۔
شرکاء نے وزیراعظم کو دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں اپنا کردار جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ڈی ای آئی کے کے کردار کو سراہا اور دونوں اطراف کے تاجروں کو باہمی فائدہ مند روابط کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔ تجارت کا معاہدہ ٹی جی اے دونوں تجارتی حجم حاصل کرنے کی بنیاد بنے گا۔
قبل ازیں استنبول میں ترکیہ پاکستان بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں ترکیہ کمپنیوں کیلئے پاکستان میں کچھ مشکلات رہی ہیں، 3 سال میں ترکیہ کے ساتھ تجارتی حجم کو 5 بلین ڈالرز تک بڑھائیں گے، یقین دلاتا ہوں ترکیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے شکایات کا ازالہ کریں گے۔