کراچی میں ہجوم نے 2 افراد کو بچوں کا اغواء کار سمجھ کر قتل کردیا
مچھر کالونی میں شہریوں نے نجی کمپنی کے 2 ملازمین کو اغواء کار قرار دیکر تشدد کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا، مزید کی تلاش جاری ہے۔
کراچی کےعلاقے ماڑی پور مچھر کالونی میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں شہریوں نے نجی کمپنی کے دو ملازمین کو تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دو ملازمین کار پر سوار تھے، جنہیں مشتعل افراد نے اغواء کار قرار دے کر تشدد کا نشانہ بنایا اور کار کو بھی آگ لگا دی جبکہ دونوں مقتولین کو بچاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار بھی شدید زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی جنوبی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی کیماڑی کو انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔