فلم ’’ پٹھان‘‘ کے خلاف ہندو انتہا پسند تنظیموں کا احتجاج
ٹاپ اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’’ پٹھان‘‘ کے خلاف ہندو انتہا پسند تنظیموں کا سینما کے باہر احتجاج، پوسٹر پھاڑ ڈالے، اداکاروں کی تصاویر تباہ، فلم ریلیز ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کی دھمکی دیدی۔
وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے احمدآباد کے وستاپور علاقے کے الفا ون مال میں پٹھان فلم کے خلاف احتجاج کیا جس ک دوران انہوں نے شاہ رخ خان اور فلم کی دیگر اسٹار کاسٹ کی تصویروں کو نقصان پہنچایا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر یہ فلم ریلیز ہوئی تو اور شدید آندولن کیا جائے گا۔
ہنگامے کے باعث مال میں موجود خریدار اور شہری خوفزدہ اور سہمے ہوئے نظر آئے۔ پولیس فی الحال ویڈیو کی بنیاد پر پورے معاملے کی جانچ کررہی ہے۔ فلم پٹھان کو لے کر ملک کے کئی حصوں میں مخالفت ہورہی ہے۔ اس سے پہلے اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں بھی فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
یادر ہے گزشتہ مہینے مدھیہ پردیش کے اندور میں ہندو تنظیم کے کارکنوں نے فلم پٹھان اور اس کے گانے ’بے شرم رنگ’‘ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ ریاست کے وزیر نروتم مشرا کی جانب سے ’قابل اعتراض مناظر‘ اور زغفرانی لباس کے استعمال پر فلم پر پابندی لگانے کی مانگ کی تھی جس کے بعد احتجاج شروع ہوا تھا۔ ویر شیواجی گروپ کے کارکنوں نے اس دوران اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور ایکٹر شاہ رخ خان کے پُتلے جلائے تھے۔ انہوں نے فلم پر پابندی لگانے کی مانگ کی تھی اور الزام لگایا تھا کہ بے شرم رنگ گانے سے ہندو کمیونٹی ناراض ہے۔
پٹھان فلم کا گانا بے شرم رنگ حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا۔ مدھیہ پردیش کے وزیرداخلہ نروتم مشرا نے دیپیکا پڈوکون اور شاہ رخ خان کی پوشاک کے رنگ پر اپنی بھڑاس نکالی ہے اور اسے ’سدھارنے‘ کی مطالبہ کرتےہوئے کہا ہے کہ اگر سین درست نہیں کیا گیا توپھر حکومت فیصلہ کرے گی کے آگے کیا کرنا ہے ۔ فلم 25 جنوری کو ریلیز ہوگی۔