امریکی تاریخ میں سب سے بڑا 858 ارب ڈالر کا دفاعی بجٹ منظور
امریکی سینیٹ نے ریکارڈ 858 ارب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظوری دیتے ہوئے اس کی سمری صدر جو بائیڈن کو بھجوا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ رقم صدر بائیڈن کے تجویز کردہ دفاعی بجٹ کی رقم سے 45 ارب ڈالر زیادہ ہے جبکہ اس میں فوج کے لیے لازمی کووڈ ویکسین کے مینڈیٹ کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔اس بل یا نیشنل ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کی حمایت میں 83 جبکہ مخالفت میں 11 ارکان نے ووٹ ڈالا۔ امریکہ کی دفاعی پالیسیوں کے لیے سالانہ بنیادوں پر دفاعی بجٹ کا پاس کیا جانا ضروری ہے۔
رپبلکن ارکان جنہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ کووڈ 19 سے بچاؤ کے مختلف اقدامات شخصی آزادیوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں، نے اس مینڈیٹ کو نہ ہٹانے پر بل کی مخالفت کرنے کی دھمکی دی تھی۔اس بل کی مخالفت میں ووٹ ڈالنے والوں میں وہ لبرل ارکان شامل تھے، جنہیں ہر سال بڑھتے ہوئے دفاعی بجٹ پر اعتراض ہے جبکہ وہ معاشی قدامت پسند بھی اس بل کی مخالفت کرتے ہیں جو اخراجات میں کمی لانے کے حامی ہیں۔