پاک فوج کے نئے سربراہ کے لیے ناموں کی سمری وزیراعظم آفس کو ارسال
پاک فوج کے نئے سربراہ کی تعیناتی کے لیے سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں کی سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو نے سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے نام وڈوزیئر وزارت دفاع کو بھجوادیئے جس کے بعد وزارت دفاع نے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی فہرست میں شامل ناموں سے ہو گا۔ ناموں پر مشتمل سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرےنمبر پر ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ فور اسٹار جنرلز کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے لیفٹیننٹ جنرل محمدعامر کا نام فہرست میں چھٹےنمبرپرشامل ہے۔
آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔ فور اسٹار تعیناتیوں کی رسمی منظوری صدرمملکت کی جانب سےدی جاتی ہے۔