کپتان بننے کے بعد شاداب خان کا اہم بیان
افغانستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر ہونے والے شاداب خان کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں شاداب خان نے کہا ہے کہ سب سے پہلےاللّٰہ کا شکر ادا کرتا ہوں، گرین شرٹس کی قیادت کرنا بڑا اعزاز ہے، مجھے جو ذمہ داری ملی ہے اسے پوری طرح نبھانے کی کوشش کروں گا۔
شاداب خان نے مزید کہا کہ میں نئے کھلاڑیوں کے ٹیم میں جگہ بنانے پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔ کھلاڑی اس ٹارگٹ کے ساتھ کھیلنا شروع کرتے ہیں کہ اعلیٰ سطح پر جائیں۔ اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا کہ آپ اپنے ملک کی نمائندگی کریں۔
قومی ٹیم کے نئے کپتان نے کہا کہ افغانستان کیخلاف سیریز میں ایک ینگ ٹیم ہے اور اس کی قیادت کرنے پر بہت پرجوش ہوں۔ ینگ ٹیم میں انرجی ہے، کوشش کروں گا کہ یہ انرجی خود بھی لوں اور یہ ایک دلچسپ سیریز ہو گی۔
شاداب خان نے کہا کہ فینز سے درخواست ہے کہ پاکستان ٹیم کو سپورٹ کریں اور کوشش کریں کہ جس طرح پی ایس ایل کے میچز دلچسپ ہوئے یہ سیریز بھی اسی طرح ہو گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ہونے والی 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا جس میں شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔