آئی فون میں حیران کردینے والی منفرد ٹیکنالوجی کا اضافہ
ایپل کے نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جائیں گے اور ان کے بارے میں کافی تفصیلات بھی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں لیکن آئی فون 15 سیریز کی ڈیوائسز کی لاک اسکرین اسمارٹ ہوم ڈسپلے کا کام بھی کرسکے گی۔
رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی او ایس 17 کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس سے آئی فون کی لاک اسکرین کو اسمارٹ ہوم ڈیوائس کی طرح کے ڈسپلے میں تبدیل کیا جائے گا۔اس فیچر سے فون لاک ہونے پر بھی ڈسپلے پر موسم، کیلنڈر اپائنٹمنٹس اور نوٹیفکیشنز سمیت دیگر کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
اس کے علاوہ لاک اسکرین پر ویجیٹس بھی نظر آئیں گے یہ آپشن آئی او ایس 16 میں بھی موجود ہے لیکن اب اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔یہ نئی ٹیکنالوجی اس وقت مددگار ثابت ہوگی جب آپ کا آئی فون کسی میز پر رکھا ہو اور آپ اسے ان لاک کیے بغیر نوٹیفکیشنز جاننے کے خواہشمند ہوں۔یہ فیچر گوگل نے بھی پکسل فونز کا حصہ بنایا ہے لیکن یہ اسی وقت کام کرتا ہے جب فون کو چارجنگ اسٹینڈ پر رکھا گیا ہو۔ آئی فون کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے یہ نیا فیچر آئی پیڈ ٹیبلیٹس کے لیے بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ ایپل ہر سال ستمبر میں نئے آئی فونز کو متعارف کراتا ہےاور آئی فون 15 سیریز کو بھی ستمبر میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔